ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اروند جادھو کو بچانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا:جئے چندرا

اروند جادھو کو بچانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا:جئے چندرا

Thu, 25 Aug 2016 11:19:53    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر قانون ٹی بی جئے چندرا نے کہاکہ اراضی گھپلے کے الزامات میں پھنسے چیف سکریٹری اروند جادھو کو حکومت کی طرف سے بچانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے بنگلور کے ڈپٹی کمشنر سے رپورٹ طلب کی ہے، رپورٹ ملتے ہی خاطیوں پر کارروائی بلاتاخیر کی جائے گی۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ اروند جادھو بھی اگر اس معاملے میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی کارروائی انتہائی سخت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ صرف چیف سکریٹری ہی کیوں اس معاملے میں اگر دیگر افسران بھی ملوث ہیں تو انہیں بھی بخشا نہیں جائے گا۔ چیف سکریٹری کے پی اے کی طرف سے بنگلور ساؤتھ کے تحصیلدار کے دفتر میں دستاویزات میں تحریف کرنے کی مبینہ کوشش پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی بھی جانچ کے احکامات صادر کردئے گئے ہیں۔ ویسے بھی اروند جادھو اگلے ماہ اپنی خدمات سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔ اسی لئے جلد از جلد اس معاملے کو نمٹایا جائے گا۔ مسٹر جئے چندرا نے بتایاکہ مسٹر اروند جادھو پر الزامات کا معاملہ ریاستی کابینہ میں زیر بحث نہیں آیا، البتہ خود مسٹر جادھو نے کابینہ کو بتایاکہ ان پر الزامات کے سلسلے میں انہوں نے میڈیا کو اپنی طرف سے وضاحت جاری کی ہے، اس کی نقل انہوں نے کابینہ میں پیش کی ہے۔


Share: